بجٹ میں یوٹیوبرز، فری لانسرز اور ٹک ٹاکرز پر انکم ٹیکس عائد کرنے کا امکان ہے۔
پاکستان آبزرور کی رپورٹ کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں نئے ٹیکس لگائے جانے کا امکان ہے جن میں فری لانسرز، وی لاگرز، ٹک ٹاکرز اور یوٹیوبرز کی آمدنی پر ٹیکس بھی شامل ہے۔
یہ اقدام تقریباً 500 سے 600 ارب روپے کا اضافی ٹیکس جمع کرنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔ مالی سال 26 کیلئے پاکستان کے وفاقی بجٹ کے جائزے کے عنوان سے جاری ہونے والی ٹاپ لائن ریسرچ کی رپورٹ کے مطابق حکومت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے لیے 14.1 سے 14.3 ٹریلین روپے کا ریونیو ہدف مقرر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 16-18 فیصد زیادہ ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق باقی 4 سے 5 فیصد ٹیکس آمدنی کا مطلب ہے کہ حکومت کو 500 سے 600 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے ہوں گے۔
مختلف اداروں نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ یوٹیوب، ٹک ٹاک جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ہونے والی آمدنی پر ٹیکس لگائے۔ آئی سی ایم اے پی (انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان) نے تجویز دی ہے کہ سوشل میڈیا آمدنی پر 3.5 فیصد ٹیکس لگایا جائے۔ اس اقدام سے حکومت کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے تقریباً 52.5 ارب روپے کی اضافی آمدنی حاصل ہونے کی توقع ہے۔