وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشر علاقوں میں طوفانی بارش تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث طوفان کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، راولپنڈی، اسلام آباد اور پھوٹوہار ریجن میں کالی گھٹائیں چھا گئیں، شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے، ٹھنڈی ہواؤں کے باعث شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید بارش اور ژالہ باری کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے، بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا، جس کے باعث محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں کالی گھٹاؤں کے باعث شہر رات کامنظرپیش کرنے لگا، مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں، کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی ہے۔
اس سے قبل محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابر آلود رہے گا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی تازہ ترین ایڈوائزری کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال اور جہلم میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا آغاز ہو چکا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، کرک، لکی مروت، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب میں مظفر گڑھ، تونسہ شریف، خانیوال، بہاولنگر، بہاولپور، میانوالی، خوشاب، بھکر، ملتان، ڈیرہ غازی خان، لیہ اور جھنگ میں تیز ہواؤں اور بارش کا امکان تھا جہاں ہلکی بوندا باندی شروع ہو چکی ہے۔
محکمہ موسمیات نے لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، فیصل آباد، سرگودھا، نارووال، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات اور سیالکوٹ میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا تھا۔ پی ایم ڈی نے دور دراز مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا انتباہ بھی جاری کر رکھا ہے، جس سے شہری علاقوں میں مقامی سطح پر سیلاب یا ٹریفک میں خلل پڑ سکتا ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ تاہم ساحلی علاقوں میں دوپہر کے اوقات میں تیز گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، خضدار اور لسبیلہ میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
پی ایم ڈی نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں تیز ہوائیں یا موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔