امریکا کی معروف اسکالر اور پروفیسر کرسٹین فیئر نے پاکستان کے خلاف بھارتی پروپیگنڈے پرمودی سرکار کو حقیقت کا آئینہ دکھا دیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہے کہ بھارت پاکستان کو ہر ممکن کوشش کے باوجود خوفزدہ نہیں کرسکا۔
بھارتی ٹی وی پروگرام کے دوران پروفیسرکرسٹین فیئر کا کہنا تھا کہ’بھارت پاکستان کو ہر ممکن کوشش کے باوجود خوفزدہ نہیں کرسکا، ڈیٹرنس کا اندازہ اس ملک کے رویے سے لگایا جاتا ہے جسے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہو۔
پروفیسر کرسٹین نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایسا کوئی ثبوت نہیں کہ پاکستان نے اپنی پوزیشن ترک کی ہو یا مؤقف سے پیچھے ہٹا ہو، بھارت نے بے بنیاد دعوے کرکے خود کو ایک خطرناک صورتحال میں ڈال دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے اندر میڈیا، خاص طور پر جنہیں میں ’فسادی میڈیا‘ کہتی ہوں، نے عوام کوغلط معلومات فراہم کی ہیں، حقیقت یہ ہے کہ بھارت نے پاکستان کو کسی ناکامی سے دوچار کرسکا اور نہ ہی اسے خوفزدہ کرسکا ہے،پاکستان پیچھے نہیں ہٹا اور نہ ہی وہ بھاگا ہے۔
پروفیسر کرسٹین نے کہا کہ تنازع بھارت کی توقع سے کہیں زیادہ تیزی سے شدت اختیار کر گیا، بھارت خود بھی چاہتا تھا کہ تنازعے کو کم کرنے کے لیے کوئی محفوظ راستہ نکالا جائے، بدقسمتی سے بھارتی بے لگام میڈیا عوام میں ایسی توقعات پیدا کرتا ہے جو بعد میں عسکری تصادم کو جنم دیتی ہیں، بھارت اور اس کا میڈیا جنگجویانہ رویہ رکھتے ہیں۔