یورپی ملک مالٹا کا فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کا اعلان

یورپی ملک مالٹا کا فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کا اعلان

یورپی ملک مالٹا نے اگلے ماہ فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپی ملک مالٹا کے وزیر اعظم رابرٹ ابیلا نے اتوار کے روز ایک سیاسی تقریب کے دوران یہ اعلان کیا، وزیر اعظم رابرٹ ابیلا  نے عالمی و مقامی معاملات بالخصوص غزہ میں جاری انسانی بحران پر گفتگو کرتے کہا کہ ہم غزہ میں جاری انسانیت سوز المیے پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتے ۔

ان کاکہنا تھا کہ  فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنا نہ صرف ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے بلکہ انصاف اور انسانی وقار کے تقاضوں کے بھی عین مطابق ہے۔

وہ غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کا حوالہ دے رہے تھے، جس میں تقریباً 54 ہزار فلسطینی شہید ہوئے جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔

وزیراعظم ان 9 بچوں کی الم ناک اموات پر بھی شدید رنجیدہ ہوئے جو بچوں کے امراض کی ماہر ڈاکٹر، ڈاکٹر علا النجار کے تھے، مالٹا کے وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ ان کا ملک ڈاکٹر علا النجار اور ان کے خاندان کو ملک میں خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ مالٹا فلسطینی ریاست کو 20 جون کو ہونے والی اقوام متحدہ کی کانفرنس کے بعد باضابطہ طور پر تسلیم کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں : بھارت ’ڈفر زون‘ بن گیا، بھارتی تجزیہ کار بھی مودی کی انتہا پسند پالیسیوں پر کھل کر تنقید کرنے لگے

واضح رہے کہ مالٹا نے اپریل 2023 میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین کو مکمل رکنیت دینے کے حق میں ووٹ دیا تھا، تاہم اس ملک نے تاحال فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا تھا۔

اقوام متحدہ کے 193 میں سے 147 رکن ممالک اب تک فلسطین کو ایک خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کر چکے ہیں۔

حالیہ برسوں میں آرمینیا، سلووینیا، آئرلینڈ، ناروے، اسپین، بہاماس، ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو، جمیکا اور بارباڈوس جیسے ممالک بھی اس فہرست میں شامل ہو چکے ہیں،  بڑھتی ہوئی عالمی حمایت کے باوجود امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا اور جرمنی سمیت کئی اہم مغربی طاقتوں نے اب تک فلسطینی ریاست کو تسلیم نہیں کیا ہے۔

گزشتہ ماہ فرانسیسی صدر ایمانول میکرون نے یہ عندیہ ظاہر کیا تھا کہ فرانس آنے والے دنوں میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کر سکتا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *