اسلام آباد اور مضافات میں اندھی اور موسلادھار بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

اسلام آباد اور مضافات میں اندھی اور موسلادھار بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

اسلام آباد اور اس کے مضافاتی علاقوں میں کالی گھٹاؤں اور ٹھنڈی ہواؤں نے شدید گرمی کا زور توڑ دیا ہے، جس پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ موسم خوشگوار ہونے پر خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارش اور ژالہ باری کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں گھنے بادلوں کے سبب دن کے وقت بھی رات کا منظر دکھائی دینے لگا۔

بارش کے باعث کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔ بعض مقامات پر بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو چکی ہے۔

اس سے قبل محکمہ موسمیات نے 27 سے 31 مئی کے دوران اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی تھی، جو درست ثابت ہوئی۔ تازہ ترین ایڈوائزری کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال اور جہلم میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں آج سے 31 مئی تک  آندھی، طوفان اور بارشوں کا امکان

دوسری جانب آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے نواحی علاقوں “مگری مالی” اور “لیسوا” میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد شدید فلیش فلڈ آیا جس کے نتیجے میں ایک خاتون لاپتا ہوگئی جبکہ ایک کی لاش نکال لی گئی ہے۔ یہ اطلاع ایس ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر آپریشن سعید قریشی نے دی۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے مطابق قدرتی آفت کے باعث چار رہائشی مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے جبکہ ایک مسجد بھی شہید ہو گئی۔ شدید بارش اور فلیش فلڈ سے لیسوا نالہ میں طغیانی پیدا ہوئی، جس سے ضلع نیلم کے بعض دیہات متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ایس ڈی ایم اے کی کوئیک رسپانس ٹیم فوری طور پر متاثرہ علاقے میں پہنچ گئی ہے، جبکہ مقامی رضاکاروں کی مدد سے ریسکیو آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مدثر فاروق کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے افسران، تحصیل پٹہکہ کے اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس ٹیمیں امدادی کارروائیوں کے لیے متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ ہو چکی ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *