پاکستان میں ذوالحجہ 1446 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا،یکم ذوالحجہ 29 مئی جبکہ عید الاضحی بروز ہفتہ 7 جون ہو گی ۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد نے کی جبکہ اجلاس میں سپارکو ، محکمہ موسمیات اور دیگر اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔
اجلاس کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد نےاعلان کیا کہ آج ملک بھر کے کسی حصے سے چاند نظر آنے کی مصدقہ شہادت موصول نہیں ہوئی ہے ، جس کے بعد یکم ذوالحجہ 29 مئی اور عید الاضحی بروز ہفتہ 7 جون ہو گی ۔
قبل ازیں محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ چاند کی عمر کم ہونے کے باعث ذوالحجہ کا چاند نظرآنے کے امکانات بہت کم ہیں۔جبکہ سپارکو کی جانب سے پاکستان میں عید الاضحیٰ ممکنہ طور پر 7 جون 2025 کو پہلے ہی پیش گوئی کر دی گئی تھی ۔
دوسری جانب سعودی عرب میں بھی ذو الحج کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس آج ہوگا۔
سعودی ماہر فلکیات کے مطابق آج چاند نظر آنے کا امکان ہے ۔ اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات کے فلکیاتی مرکز کا بھی کہنا ہے کہ آج ذوالحج کا چاند آج نظر آنے کا امکان ہے۔ جبکہ متحدہ عرب امارات میں عیدالاضحیٰ 6 جون کو ہو سکتی ہے۔
اندونیشا میں ذوالحج کا چاند نظر آنے کے بعد عید الضحی بروز جمعہ 6 جون کو ہوگی۔ جبکہ برونائی اورملائیشیا میں چاند نظر نہیں آیاجس کے بعد عید الضحی بروزہفتہ ہو گی۔