خیبر پختونخوا حکومت نے اعلان کیا ہے کہ عید الاضحیٰ کی ممکنہ تعطیلات سے قبل تمام صوبائی سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن 30 مئی تک ادا کردی جائیں گی۔
محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام صوبائی محکموں اور اداروں کو ہدایات ارسال کردی گئی ہیں کہ وہ رواں ماہ کے اختتام تک تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگیوں کو یقینی بنائیں۔
محکمہ نے کہا کہ یکم جون اتوار کو آتا ہے، جس دن ملک بھر کے سرکاری اداروں سمیت بینکوں میں عام تعطیل ہوتی ہے، اس لیے جلد ادائیگی کی ضرورت ہے۔
یہ اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک کو عید الاضحیٰ کی تاریخ کے بارے میں سرکاری اعلان کا انتظار ہے، جو ذوالحجہ کا چاند دیکھنے پر منحصر ہے۔
وزارت مذہبی امور نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 27 مئی کو اسلام آباد میں طلب کر رکھا ہے۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے اور توقع ہے کہ اسلامی قمری کیلنڈر کے آخری مہینے ذوالحجہ کے آغاز کا تعین کیا جائے گا۔
زونل رویت ہلال کمیٹیوں کا اجلاس بھی اسی روز اپنے متعلقہ صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں ہوگا تاکہ رویت ہلال کی شہادتیں جمع کرنے میں مدد مل سکے۔
اگر چاند 27 مئی کو نظر آتا ہے تو عید الاضحیٰ 6 جون کو ہوگی۔ تاہم، اگر چاند نظر نہیں آتا ہے، تو تہوار 7 جون کو ہوگا۔
دریں اثنا ماہر فلکیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 28 مئی کو چاند نظر آنے کا زیادہ امکان ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں عید 7 جون کو منائی جاسکتی ہے۔