واٹس ایپ نے اپنے صارفین کی سہولت کے لیے ایک نیا اور کارآمد فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر لی ہے۔
اکثر صارفین کو اس وقت مشکل پیش آتی ہے جب وہ کوئی مخصوص تصویر، ویڈیو یا GIF تلاش کرنا چاہتے ہیں لیکن یہ یاد نہیں رہتا کہ وہ کس چیٹ میں شیئر کی گئی تھی۔ اب واٹس ایپ نے اس مسئلے کا حل ڈھونڈ نکالا ہے۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق، واٹس ایپ ویب کے بیٹا ورژن میں ایک نیا میڈیا منیجمنٹ ہب فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کی جھلکیاں سامنے آئی ہیں۔
یہ فیچر صارفین کو تمام چیٹس میں شیئر کی گئی میڈیا فائلز—جیسے تصاویر، ویڈیوز، GIFs، دستاویزات اور لنکس—کو ایک ہی جگہ پر منظم انداز میں دیکھنے کی سہولت دے گا۔ اس میڈیا ہب کا آئیکن واٹس ایپ ویب کی بائیں جانب، سیٹنگز آئیکن کے اوپر ظاہر ہوگا۔
صارفین اس سیکشن کے ذریعے اپنی مطلوبہ فائلز باآسانی تلاش کر سکیں گے، اور ہر فائل کے ساتھ اس سے جڑی تفصیلات جیسے شیئر کرنے والے کانٹیکٹ کا نام اور تاریخ بھی دیکھی جا سکیں گی۔
مزید یہ کہ، میڈیا ہب میں ایک ملٹی سلیکٹ بٹن بھی موجود ہوگا، جس کی مدد سے صارفین ایک ساتھ کئی فائلز کو فارورڈ، ڈیلیٹ یا ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔
اگرچہ ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ فیچر عام صارفین کے لیے کب دستیاب ہوگا، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واٹس ایپ کے میڈیا مینجمنٹ کو مزید آسان اور مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔