پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے، پاکستانیوں کے اس حق پر آنچ نہیں آنے دیں گے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے، پاکستانیوں کے اس حق پر آنچ نہیں آنے دیں گے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

راولپنڈی۔ چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، پرنسیپلز اور سینئر اساتذہ کرام سے ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں، اور پاکستان کی اگلی نسلوں کی کردار سازی ان ہی کے ہاتھ میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں آج جو کچھ بھی ہوں، اپنے والدین اور اساتذہ کرام کی بدولت ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ نے پاکستان کی کہانی اپنی نسلوں کو سنانی ہے تاکہ وطن سے محبت اور قربانی کا جذبہ برقرار رہے۔

فیلڈ مارشل نے معرکہ حق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر طرح سے پاکستان کی مدد فرمائی۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق اس بات کا ثبوت ہے کہ جب پوری قوم ایک آہنی دیوار بن جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اُسے گرا نہیں سکتی۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اورآذربائیجان کے وزیردفاع کے درمیان اہم ملاقات

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مزید کہا کہ کشمیر کا کوئی بھی سودا ممکن نہیں، ہم کبھی بھی کشمیر کو نہیں بھول سکتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہندوستان جان لے کہ پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ  ہندوستان کی کئی دہائیوں سے کشمیر کو دبانے کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں، اب یہ ممکن نہیں رہا۔

فیلڈ مارشل نے پانی کے مسئلے پر بھی دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور چوبیس کروڑ پاکستانیوں کے اس بنیادی حق پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، ہندوستان کی اجارہ داری کو کسی صورت قبول نہیں کرے گا۔

دہشت گردی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ ہندوستان کا اندرونی مسئلہ ہے، جس کی بنیادی وجہ اقلیتوں، خصوصاً مسلمانوں پر ظلم اور تعصب پسندی ہے۔ جبکہ کشمیر ایک عالمی مسئلہ ہے جسے دبانا اب ممکن نہیں۔

فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ وہاں دہشت گردی کا فتنہ دراصل ہندوستانی سازش ہے، ان دہشت گردوں کا بلوچ عوام سے کوئی تعلق نہیں۔

فیلڈ مارشل نے زور دیا کہ پاکستان کو ایک مضبوط ریاست بنانا ہے جہاں تمام ادارے قانون، آئین، اور عوامی فلاح کے تحت، بغیر کسی سیاسی یا ذاتی مفاد کے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو کوئی ریاست کو کمزور کرنے کا بیانیہ بنائے گا، ہم اس کی مخالفت کریں گے۔

شرکاء کے سوال جواب سیشن میں ایک واضح تاثر ابھرا کہ یہ جو محفوظ دھرتی ہے، اس کے پیچھے وردی ہے۔ شرکاء نے پاکستان اور اس کی مسلح افواج پر مکمل اعتماد اور فخر کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *