معرکہ حق کی کامیابی ہماری قومی عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

معرکہ حق کی کامیابی ہماری قومی عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

کوئٹہ۔  آرمی چیف فیلڈ مارشل  جنرل عاصم منیر نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کالج کے طلباء، افسران اور فیکلٹی سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں آرمی چیف نے آپریشن ’’بنیان المرصوص‘‘ کے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق  آرمی چیف نے کہا کہ قومی قیادت کے ساتھ پاکستانی عوام مادرِ وطن کے دفاع کے لیے فولادی دیوار بن چکے ہیں۔ انہوں نے ’’معرکۂ حق‘‘ میں کامیابی کو قومی عزم اور قومی طاقت کے تمام عناصر کے درمیان مکمل ہم آہنگی کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق خطاب کے دوران فیلڈ مارشل نے عالمی اور علاقائی حالات کے تناظر میں ابھرتے ہوئے تنازعات کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے خاص طور پر بھارت کے جانب سے پاکستان کے خلاف بلا اشتعال خطرناک رجحانات کو اجاگر کیا، اور کسی بھی جارحیت کو شکست دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور کوئی بھی طاقت پاکستان کو کبھی مجبور نہیں کر سکتی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف کوششوں سے توجہ ہٹانے والے دشمنانہ عزائم کو مکمل طور پر شکست دی جائے گی۔

انہوں نے اس امر کو دہرایا کہ جنوبی ایشیا کے تزویراتی استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، جو ایک دیرینہ اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے۔ آرمی چیف نے بھارت کی جانب سے کی جانے والی ’’ہائیڈرو دہشت گردی‘‘ کے خلاف بھی خبردار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشتگردی کو بھارتی ریاستی سرپرستی حاصل ہے، تاہم قوم کے تعاون سے دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ فیلڈ مارشل نے افسران اور طلباء کو بھرپور عزم اور جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھانے اور مستقبل کی جنگوں کے لیے خود کو تیار رکھنے کی ہدایت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  آرمی چیف کے کوئٹہ پہنچنے پر کور کمانڈر اور کمانڈنٹ اسٹاف کالج نے ان کا استقبال کیا ۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *