ویب ڈیسک۔ پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ویپ یعنی الیکٹرانک سگریٹ کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد کیا گیا، جس کے تحت تمام ویپنگ سینٹرز کو فوری طور پر بند کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اس پابندی کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ویپنگ کا بڑھتا ہوا رجحان نوجوانوں کی صحت کے لیے خطرہ بن چکا ہے، جسے روکنا نہایت ضروری ہو چکا ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ لاہور سمیت پورے پنجاب میں ویپنگ سینٹرز کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔
وزیراعلیٰ نے خبردار کیا کہ ویپ کا کھلے عام استعمال نوجوانوں کو نشے کی طرف دھکیل رہا ہے، جو ان کی ذہنی اور جسمانی صحت پر مضر اثرات ڈال رہا ہے۔ حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نوجوان نسل کو نشے جیسے خطرناک رجحانات سے بچانے اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔