برطانوی حکومت نے نئے امیگریشن اور پناہ گزین بل کے تحت ایک نئی تجویز پیش کی ہے جس کے مطابق ایسے بالغ پناہ گزین جو مستقبل میں روزگار حاصل کرکے مالی طور پر مستحکم ہو جائیں گے انہیں حکومت کی جانب سے فراہم کردہ رہائش اور بنیادی اخراجات کی مد میں خرچ ہونے والی رقم واپس ادا کرنا پڑ سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ رقم تقریباً 10 ہزار پاؤنڈ تک ہو سکتی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد پناہ گزینوں کی مدد پر آنے والے اخراجات کا کچھ حصہ واپس حاصل کرنا اور ٹیکس دہندگان پر مالی دباؤ کم کرنا ہے۔
مجوزہ پالیسی کے تحت صرف وہی افراد ادائیگی کے پابند ہوں گے جو مالی استطاعت رکھتے ہوں۔ حکومت کی جانب سے ایسے حفاظتی اقدامات شامل کرنے کا بھی کہا گیا ہے تاکہ کسی شخص کو ادائیگی کے باعث غربت یا بے گھر ہونے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
حکام کے مطابق بچوں کو اس پالیسی سے مستثنیٰ رکھا جائے گا جبکہ نئی تجویز کا اطلاق ماضی کے کیسز پر نہیں ہوگا۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ادائیگی کا طریقہ کار کیا ہوگا اور اقساط شروع کرنے کیلئے آمدنی کی حد کتنی مقرر کی جائے گی۔