پاک فضائیہ نے5 جون 1956 کو پی اے ایف بیس ماڑی پور پر قائم ہونے والے اسکوارڈن 15 “کوبراز” کی سالگرہ منائی۔
یہ اسکوارڈن پاک فضائیہ کی تاریخ میں نمایاں مقام رکھتا ہے، جس نے 1959 میں راوت کے قریب 47,500 فٹ کی بلندی پر ایک بھارتی طیارے کو مار گرا کر پی اے ایف کی پہلی فضائی فتح حاصل کی۔
1965 کی جنگ کے دوران، فلائٹ لیفٹیننٹ امتیاز بھٹی نے فضائی تصادم میں دو بھارتی ویمپائر طیارے تباہ کیے۔
1980 کی دہائی میں، سویت-افغان جنگ کے دوران “کوبراز” اسکوارڈن ہائی الرٹ پر رہا۔
2019 میں اس اسکوارڈن نے آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں حصہ لیا، جب پاک فضائیہ نے بھارت کی جانب سے بالاکوٹ حملے کے جواب میں بھارتی حدود میں داخل ہو کر کارروائی کی۔ اس دوران اس اسکوارڈن کے میراج طیاروں نے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
27 فروری 2019 کو، پاک فضائیہ نے ایک بھارتی MiG-21 طیارہ مار گرایا اور اس کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن ورتھمان کو آزاد کشمیر میں گرفتار کیا۔
اسکوارڈن 15 اب جدید چینی ساختہ J-10C لڑاکا طیاروں سے لیس ہے، جبکہ اس سے پہلے یہ فرانسیسی ساختہ میراج طیارے استعمال کرتا تھا۔
حالیہ پاکستان-بھارت کشیدگی کے دوران، جسے “معرکۂ حق” کا نام دیا گیا، اسکوارڈن کے J-10C طیاروں نے بھارتی فضائیہ کے چھ طیارے مار گرائے، جن میں تین رافیل، ایک MiG-29، ایک میراج 2000، اور ایک SU-30 شامل تھے۔
پاک فضائیہ کے مطابق “کوبراز” اسکوارڈن ملک کے فضائی دفاع کا ایک کلیدی جزو ہے، جو اپنی مہارت اور تحمل کے لیے جانا جاتا ہے۔
ڈی جی پی آر ایئر فورس کے مطابق، “اسکوارڈن 15 ‘کوبراز’، جو 5 جون 1956 کو پی اے ایف بیس ماڑی پور پر قائم ہوا، پاک فضائیہ کی عملی طاقت کی ایک بنیاد رہا ہے۔ اس اسکوارڈن نے 1959 میں ایک بھارتی کینبرا طیارے کو مار گرا کر اپنی تاریخ میں پہلا فضائی ہدف حاصل کیا اور اپنا نام امر کر لیا۔”