اسلام آباد۔ اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں 600 فیصد سے زائد کا اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد دونوں عہدوں کی نئی ماہانہ تنخواہ 13 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
اس سے قبل ان کی تنخواہ 2 لاکھ 5 ہزار روپے ماہانہ تھی،تنخواہ میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری 2025 سے ہوگا۔
یہ اضافہ وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت کیا گیا ہے۔
اس تنخواہ میں اضافے کے ساتھ ہی اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی مراعات میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی میں کم عمری کی شادی کے خلاف بل منظور
قبل ازیں جنوری میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے ہر رکن قومی اسمبلی اور سینیٹر کی ماہانہ تنخواہ میں 5 لاکھ 19 ہزار روپے اضافے کی منظوری دی تھی۔
اس سے قبل اراکین اسمبلی کو ایک لاکھ 80 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ ملتی تھی، معلوم ہوا ہے کہ اراکین اسمبلی کی ماہانہ تنخواہ 10 لاکھ روپے تجویز کی گئی تھی، لیکن اسپیکر قومی اسمبلی نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے اسے 5 لاکھ 19 ہزار روپے کرنے پر اتفاق کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کسی بھی بھارتی اقدام کا فیصلہ کن جواب دے گا، قومی اسمبلی میں قرارداد منظور
تاہم، اس فیصلے پر عوامی ردعمل اور سیاسی حلقوں کی جانب سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔ کچھ حلقے اسے مہنگائی کے موجودہ دور میں غیر مناسب قرار دے رہے ہیں، جبکہ دیگر اسے آئینی عہدوں کی اہمیت کے پیش نظر جائز سمجھتے ہیں۔