وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری) ان دنوں سعودی عرب کے خصوصی دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے مکہ مکرمہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے اہم ملاقات کی۔
اس ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے، اسٹریٹجک اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر خطے میں امن و استحکام، اقتصادی روابط اور مختلف شعبوں میں اشتراکِ عمل کو مزید فروغ دینے پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو عید کی مبارکباد پیش کی اور دونوں برادر اقوام کے مابین محبت اور اخوت کے جذبات کا اظہار کیا۔