اسلام آباد: اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق پاکستان میں جاری مالی سال کے دوران لاکھوں افراد روزگار کے لیے بیرون ملک روانہ ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران 7 لاکھ 27 ہزار سے زائد افراد نے روزگار کے لیے بیرون ملک کا رخ کیا۔ سعودی عرب میں سب سے زیادہ افراد نے روزگار کی تلاش کی، جہاں 62 فیصد افراد نے روزگار کے لیے سفر کیا۔ سعودی عرب جانے والوں کی تعداد 4 لاکھ 52 ہزار ہے، جبکہ اومان میں 11 فیصد، اور متحدہ عرب امارات میں 9 فیصد افراد بیرون ملک روزگار کے لیے گئے۔
سروے رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ بیرون ملک کام کے لیے جانے والوں کی سب سے بڑی تعداد پنجاب سے ہے، جہاں سے ایک سال کے دوران 4 لاکھ 4 ہزار 345 افراد بیرون ملک روانہ ہوئے۔ خیبر پختونخوا سے 1 لاکھ 87 ہزار افراد، سندھ سے 60 ہزار 424 افراد، قبائلی علاقوں سے 29 ہزار 937 افراد، آزاد کشمیر سے 29 ہزار 591 افراد، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے 18 ہزار 621 افراد اور بلوچستان سے 5 ہزار 668 افراد بیرون ملک گئے۔
اس کے علاوہ، شمالی علاقہ جات سے بھی 1692 افراد بیرون ملک کام کے لیے روانہ ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق، پاکستان سے بیرون ملک جانے والے ان ورکرز کی ترسیلات زر 31.2 بلین امریکی ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، جو کہ ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔