لاہور: پنجاب میں جاری شدید گرمی اور ہیٹ ویو کا سلسلہ 12 جون تک برقرار رہے گا۔ ترجمان پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی شدت خاص طور پر زیادہ ہو سکتی ہے۔ سرگودھا میں آج سب سے زیادہ درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ لاہور، ملتان اور فیصل آباد سمیت میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک پہنچا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، اوکاڑہ، منڈی بہاؤالدین، خانیوال، قصور، لیہ، جھنگ اور حافظ آباد میں درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں اور چولستان کے اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تمام سرکاری اسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں جبکہ ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے ادویات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے عوام کو ہیٹ ویو کے خطرات سے آگاہ کیا جا رہا ہے اور شہریوں سے التماس ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ معمر افراد، بچوں اور بیماروں کا خاص خیال رکھا جائے کیونکہ گرمی کی لہر کے اثرات ان پر زیادہ ہو سکتے ہیں۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے شہریوں کو تاکید کی کہ سخت دھوپ میں مشقت یا ورزش سے پرہیز کریں، غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، اور ہلکے رنگ کا سوتی لباس پہنیں۔ ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔