لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان ویمنز ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کر لیا، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون کرکٹر بن گئی ہیں۔
آئی سی سی کی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان کے مطابق پیر کے روز سات نئے کرکٹرز کو ہال آف فیم میں شامل کیا گیا۔ لندن کے تاریخی ایبے روڈ اسٹوڈیوز میں منعقد ہونے والی تقریب میں آئی سی سی چیئرمین جے شاہ نے ان کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا۔
ثنا میر نے اس موقع پر جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے لیے یہ لمحہ ناقابلِ یقین ہے کہ وہ آج اُن عظیم کرکٹرز کے ساتھ کھڑی ہیں جنہیں وہ بچپن میں بیٹ تھامنے سے قبل اپنا آئیڈل سمجھتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس اعزاز پر بے حد مشکور ہیں اور اُمید کرتی ہیں کہ وہ اس کھیل کو کسی بھی صورت میں کچھ لوٹا سکیں۔
ثنا میر نے اپنے وائٹ بال کیریئر میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ کرکٹ میں مجموعی طور پر 240 وکٹیں حاصل کیں اور 2432 رنز اسکور کیے۔
ثنا میر کے علاوہ ہال آف فیم میں آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن، جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ اور گریم اسمتھ، بھارت کے سابق کپتان ایم ایس دھونی، نیوزی لینڈ کے ڈینیئل ویٹوری اور انگلینڈ کی سارہ ٹیلر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔