فٹبال ورلڈ کپ میں لیونل میسی کا جادو چل گیا، ہیٹرک کر ڈالی

فٹبال ورلڈ کپ میں لیونل میسی کا جادو چل گیا، ہیٹرک کر ڈالی

فٹبال ورلڈ کپ کے ایک انتہائی اہم اور سنسنی خیز میچ میں فٹبال کی دنیا کے بے تاج بادشاہ لیونل میسی کے جادوئی کھیل کی بدولت ارجنٹینا نے الجزائر کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے بدترین شکست دے دی ہے۔

الجزائر کے خلاف فتح کے ساتھ ہی ارجنٹینا نے میگا ایونٹ میں اپنی پوزیشن کو انتہائی مضبوط کر لیا ہے، جبکہ حریف ٹیم الجزائر کا دفاع ارجنٹائنی کپتان کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوا اور وہ پورے میچ میں کوئی ایک گول بھی اسکور کرنے میں ناکام رہی ہے۔

میچ کے دوران ارجنٹینا کے اسٹار پلیئر لیونل میسی مکمل طور پر چھائے رہے اور انہوں نے الجزائر کے مضبوط دفاع کو تار تار کرتے ہوئے شاندار ہیٹ ٹرک اسکور کی۔

یہ بھی پڑھیں:چھوٹے جزیرے کی بڑی فٹبال ٹیم، کوراکاؤ نے اپنی سادگی سے دنیا کو حیران کر دیا

انہوں نے کھیل کے 17ویں منٹ میں پہلا شاندار فیلڈ گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، جس کے بعد انہوں نے دوسرے ہاف کے 60ویں اور پھر 76ویں منٹ میں گیند کو حریف ٹیم کے جال میں پہنچا کر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

یہ لیونل میسی کے طویل اور شاندار کیریئر کا ایک تاریخی لمحہ تھا کیونکہ وہ اپنے ورلڈ کپ کیریئر کی تاریخ میں پہلی بار ہیٹ ٹرک کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ اس ناقابلِ یقین کارنامے کے وقت ان کی درست عمر 38 سال اور 357 دن تھی، جس کی بدولت وہ فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔

فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ میں ہیٹ ٹرک (ایک ہی میچ میں ایک کھلاڑی کی جانب سے تین گول کرنا) کو ایک نایاب اور انتہائی مشکل ترین ہدف مانا جاتا ہے۔

عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ 30 سال کی عمر کے بعد فٹبالرز کی جسمانی فٹنس اور رفتار (اسپیڈ) کم ہونا شروع ہو جاتی ہے، اور 35 سال سے زائد عمر کے کھلاڑیوں کے لیے نوے منٹ کا پورا میچ کھیلنا بھی ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں:فٹبال ورلڈ کپ 2026 کا آج سے آغاز ، کن ستاروں پر ہونگی دنیا کی نظریں؟

موجودہ سال 2026 میں منعقد ہونے والے اس فٹبال ورلڈ کپ میں، لیونل میسی نے اپنی عمر اور فٹنس سے متعلق تمام ناقدین کے منہ بند کر دیے ہیں۔

38 سال اور 357 دن کی عمر میں، جہاں کھلاڑی عام طور پر ریٹائرمنٹ لے چکے ہوتے ہیں یا بینچ پر بیٹھتے ہیں، میسی نے نہ صرف ارجنٹینا کی قیادت کی بلکہ الجزائر جیسی سخت جان افریقی ٹیم کے خلاف تین خوبصورت گول داغ کر یہ ثابت کیا کہ ‘کلاس مستقل ہوتی ہے’۔

Related Articles