کراچی پورٹ نے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا ہے، مالی سال مکمل ہونے سے پہلے ہی کنٹینر ہینڈلنگ کے نئے ریکارڈ قائم ہو گئے ہیں۔
کراچی پورٹ نے مالی سال ختم ہونے سے پہلے 26 لاکھ 51 ہزار سے زائد ٹی ای یوز ہینڈل کر لئے، جس کے بعد یہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کنٹینر ہینڈلنگ بندرگاہ بن گئی ہے۔
چیئرمین کے پی ٹی ایڈمرل شاہد احمد نے اس حوالے سے کہا کہ کراچی پورٹ قومی معیشت اور سمندری تجارت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، بندرگاہی اصلاحات اور جدید انفراسٹرکچر سے کارگو ٹریفک میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اوربندرگاہ نے کنٹینر ہینڈلنگ میں ایک نیا قومی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چودھری نے کہا کہ کراچی پورٹ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کنٹینر ہینڈلنگ بندرگاہ بن گئی، ریکارڈ کنٹینر ہینڈلنگ بحری شعبے پر کاروباری اعتماد کا مظہر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تاریخی کامیابی کے پی ٹی افسران اور کارکنوں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے، پاکستان کی شپنگ اور لاجسٹکس صلاحیت مزید مستحکم ہو رہی ہے، پاکستان کو علاقائی ٹرانس شپمنٹ اور لاجسٹکس حب بنانے کا مشن جاری رہے گا۔
ماہرین کے مطابق کراچی پورٹ کی یہ کارکردگی ملک کی تجارتی سرگرمیوں اور معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے، جو مستقبل میں مزید ترقی اور درآمدات و برآمدات میں اضافے کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے کاروباری اور صنعتی شعبے کے ریلیف کیلئے کراچی پورٹ پر مالی سال 2026-27 کے لیے تجویز کردہ 5 فیصد ٹیرف اضافے کو منجمد کرنے کا اعلان کیا تھا ۔
یہ اقدام وزیراعظم کے بلیو اکانومی وژن کے تحت تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور کاروباری طبقے کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔