اسلام آباد۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی شہر احمد آباد میں ایئر انڈیا کے مسافر طیارے کے المناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں لکھا کہ “احمد آباد کے قریب بھارتی ایئرلائن کا طیارہ گرنے کے واقعے پر افسردہ ہوں۔”
وزیراعظم نے حادثے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں اس دل سوز حادثے سے متاثرہ تمام افراد کے ساتھ ہیں۔”
قبل ازیں سابق وزیراعظم نواز شریف، مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف، اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی حادثے اور ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کی ہے۔
واضح رہے کہ ایئر انڈیا کی پرواز AI-171، جو احمد آباد سے لندن جا رہی تھی، ٹیک آف کے چند لمحوں بعد رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہو گئی۔ حادثے کے نتیجے میں 242 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں مسافر اور عملہ شامل ہیں، جب کہ حکام نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
طیارے میں سوار رمیش نامی ایک مسافر معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا، جسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق رمیش ہوش میں ہے اور گفتگو کر رہا ہے۔
حادثے کے مقام سے کئی جھلسے ہوئے ناقابل شناخت لاشیں نکالی گئی ہیں، جنہیں شناخت اور قانونی کارروائی کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔