ویب ڈیسک: احمد آباد میں ایئر انڈیا کی پرواز AI-171 کے المناک حادثے کے بعد بھارت میں سیاسی ہلچل مچ گئی ہے، سینئر بی جے پی رہنما اور ماہرِ معیشت سبرامنیم سوامی نے وزیرِ اعظم نریندر مودی، وزیرِ داخلہ امت شاہ اور وفاقی وزیر برائے ہوابازی رام موہن نائیڈو سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔
یہ حادثہ 12 جون 2025 کو پیش آیا، جب بوئنگ 787-8 طیارہ احمد آباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل ایئرپورٹ سے ٹیک آف کے کچھ ہی لمحوں بعد گر کر تباہ ہو گیا۔ بظاہر طیارے میں سوار تمام 242 افراد جان کی بازی ہار گئے، جب کہ زمین پر بھی بھاری جانی نقصان ہوا۔ ہلاک ہونے والوں میں 169 بھارتی شہری، 53 برطانوی، 7 پرتگالی، 1 کینیڈین اور دیگر افراد شامل تھے۔
سبرامنیم سوامی نے اپنی بیان میں تاریخی مثال دیتے ہوئے کہاکہ 1950 کی دہائی میں ایک ریل حادثے کے بعد لال بہادر شاستری نے اخلاقی بنیادوں پر استعفیٰ دیا تھا۔ آج اسی اخلاقی اصول کی روشنی میں میں وزیرِ اعظم، وزیرِ داخلہ اور شہری ہوابازی کے وزیر سے استعفے کا مطالبہ کرتا ہوں تاکہ ایک آزاد اور شفاف تحقیقات ممکن ہو سکے۔
سوامی کے اس سخت مؤقف نے ملک میں ایک نئی سیاسی بحث کو جنم دیا ہے۔ ایک طرف عوام حادثے کے غم میں مبتلا ہیں، تو دوسری طرف سیاسی قیادت میں تقسیم واضح ہوتی جا رہی ہے۔ کچھ حلقے اخلاقی جواب دہی پر زور دے رہے ہیں، جبکہ حکومت کے حامی رہنما موجودہ قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں۔