محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے گاڑیوں کی ملکیت کی تبدیلی کے عمل میں اہم نرمی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان ایکسائز کے مطابق اب گاڑی فروخت کرنے والے افراد کے لئے بائیو میٹرک کی لازمی شرط میں دو ماہ کی رعایت دے دی گئی ہے۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 14 اگست 2025 تک سندھ میں رجسٹرڈ گاڑیاں فروخت کنندہ کے شناختی کارڈ پر منتقل کروائی جا سکیں گی اور اس دوران بائیو میٹرک تصدیق درکار نہیں ہو گی۔
یہ فیصلہ شہریوں کی آسانی اور دستاویزی پراسیس کو آسان بنانے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔دوسری جانب کراچی سمیت سندھ بھر میں ٹریفک پولیس نے غیر معیاری اور فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف اصل یا سرکاری معیار کی نمبر پلیٹس کا استعمال کریں۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے مطابق نمبر پلیٹ اگر واضح نہ ہو یا غیر معیاری ہو تو ایسی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں فوری طور پر ضبط کی جا ئیں گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس آپریشن کا مقصد آنے والے مہینے میں شروع ہونے والے ای چالان سسٹم کیلئے تیاری مکمل کرنا ہے ۔
جس کے تحت ٹریفک کی خلاف ورزیاں کیمروں کی مدد سے ریکارڈ کر کے چالان جاری کئے جائیں گے ۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہری فوری طور پر اپنی گاڑیوں پر معیاری اور واضح نمبر پلیٹس لگوائیں تاکہ وہ کسی بھی ممکنہ کارروائی یا جرمانے سے بچ سکیں۔