وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت اور اسرائیل تمام سازشوں کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کرانے میں ناکام رہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل کوآپریشن ریویو گروپ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ ہوا، اجلاس کے دوران چین نے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے پاکستان کیلئے ریلیف کی حمایت کی۔
🔰 فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل کوآپریشن ریویو گروپ (ICRG) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کے دوران چین نے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے پاکستان کے لیے ریلیف کی حمایت کی، جب کہ ترکی نے چین کے مؤقف کی…
ان کا کہنا تھا کہ اگر حقیقت پسندی سے جائزہ لیا جائے تو پاکستان اب تک ایف اے ٹی ایف کی تمام ضروریات کو پورا کرچکا ہے، اب اس کا کسی بھی لسٹ میں رہنے کا کوئی جواز نہیں، تاہم پاکستان کے لئے یہ بہت بڑی فتح ہے۔
خواجہ محمد آصف نے مزید کہا کہ بھارت اور اسرائیل کی تمام سازشوں کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف مخاصمانہ روّیہ جاری رکھتے ہوئے سفارتی سطح پر بھرپور کوشش کی کہ پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے اجلاس میں پھر گرے لسٹ میں شامل کیا جائے، لیکن بھارت کو یہاں بھی ’منہ کی کھانا پڑی‘ ہے۔
ہفتہ کے رور ہونے والے اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کی بجائے باقی ممالک کی طرح رپورٹنگ میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایف اے ٹی ایف کے فیصلے کے بعد بھارت اپنے مقاصد حاصل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت کے سفارتی وفود دنیا کے مختلف ممالک میں گئے اور ہر جگہ پاکستان کے خلاف زہر افشانی کی گئی، دنیا کے کسی بھی ملک نے بھارت کے سفارتی وفد کے بیانیے کو پذیرائی نہیں دی، بھارت اسرائیل کی مدد سے ایف اے ٹی ایف کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا تھا۔
تاہم ’ایف اے ٹی ایف ‘ کے رکن ممالک نے بھارت کے منفی پروپیگنڈے کو نظر انداز کیا، بھارت کی تمام تر سازشوں کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل نہ کرنا ایک بڑی کامیابی ہے، آپریشن بنیان مرصوص کے بعد سے پاکستان کی سفارتی پوزیشن مسلسل مضبوط ہو رہی ہے۔