اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے باعث پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی اور ذخائر کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں، جو سید نوید قمر کی زیر صدارت منعقد ہوا، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایران اسرائیل جنگ کے سبب عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران دنیا کا چھٹا بڑا تیل پیدا کرنے والا ملک ہے اور آبنائے ہرمز سے ہونے والی تیل کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ آئندہ مالی سال کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پٹرول پمپس پر پٹرول اور ڈیزل کی چوری روکنے کے لیے منفرد اقدام
عمر ایوب نے مزید کہا کہ جنگ کی صورتحال پاکستان کی تیل کی درآمدات بڑھا سکتی ہے اور اس سے بجٹ خسارے میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔
وزیر خزانہ نے کمیٹی کو بتایا کہ علاقائی صورتحال پر حکومت کی گہری نظر ہے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر ایران اسرائیل جنگ کے ممکنہ اثرات کے پیش نظر تیل کی قیمتوں پر نظرثانی کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی گئی ہے، جس کا پہلا اجلاس منعقد ہو چکا ہے، اور اب پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی اور موجودہ ذخائر کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کا تہران پر ایک مرتبہ پھر حملہ، سرکاری ٹی وی چینل کی عمارت نشانہ
یاد رہے کہ یہ کشیدگی جمعے کے روز اس وقت شروع ہوئی جب اسرائیل نے ایران کے جوہری اور فوجی مراکز کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں ایران کے کئی اعلیٰ فوجی کمانڈر اور سائنسدان ہلاک ہوئے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنا چاہتا ہے، تاہم ایران کا موقف ہے کہ اس کا جوہری پروگرام صرف پُرامن مقاصد کے لیے ہے۔