پنجاب کے سیاحتی مقام مری میں عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی، جہاں خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے شہریوں نے مختلف تفریحی مقامات کا رخ کیا۔
ٹھنڈے موسم اور خوبصورت مناظر کے باعث سیاح عید کی چھٹیوں کو بھرپور انداز میں گزارنے میں مصروف ہیں،سیاح بار بی کیو، پکنک اور دیگر تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دیے، جبکہ مال روڈ اور گردونواح میں رش میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔
انتظامیہ کی جانب سے مال روڈ پر دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہے اور صرف خاندانوں کو داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے تاکہ امن و امان اور ٹریفک کی صورتحال کو قابو میں رکھا جا سکے۔
دوسری جانب مری کے داخلی راستوں پر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور ہر آنے والی گاڑی کی مکمل تلاشی کے بعد ہی مال روڈ میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد سیاحوں کو محفوظ اور پُرسکون ماحول فراہم کرنا ہے۔ادھر بیچلرز کے داخلے پر پابندی کے خلاف مقامی تاجروں نے احتجاج بھی کیا۔
تاجروں کا کہنا تھا کہ مسلسل پابندیوں کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں اور سیاحوں کی محدود آمد سے مالی نقصان کا سامنا ہے۔عید تعطیلات کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے دو سو سے زائد ٹریفک اہلکار مختلف شاہراہوں اور اہم مقامات پر تعینات کیے گئے ہیں۔
سٹی ٹریفک پولیس مری کے مطابق خصوصی منصوبہ بندی کے تحت ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور رش پر قابو پانے کے لیے اضافی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ سیاحوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔