راولپنڈی۔ اطالوی بحری جہاز آئی ٹی ایس انتونیو مارچیلیا کراچی بندرگاہ پہنچ گیا ہے۔ پاک بحریہ کے آفیشلز اور اطالوی سفیر نے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اطالوی بحریہ کاجہاز تین روزہ خیر سگالی دورےپرکراچی پہنچا ہے۔ دورے کا مقصد دو طرفہ بحری تعاون کا فروغ اور مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں میں اضافہ ہے ۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دورے کے دوران دونوں بحری افواج کے اہلکاروں کے مابین پیشہ ورانہ ملاقاتیں اور مشترکہ مشقیں منعقد کی جائیں گی ۔اطالوی بحریہ کے جہازوں کی باقاعدگی سے پاکستان آمد بالعموم پاک اطالوی دو طرفہ تعلقات اور بالخصوص دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے بحری تعاون کی مظہر ہے
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نیوی اہم بین الاقوامی نیویز سے دیر پا بحری تعاون کے فروغ کےلئے کوشاں ہے۔
یار رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کے دوران پاک بحریہ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاک بحریہ کی جانب سے سمندری خطرات سے نمٹنے کے لیے بھرپور حکمت عملی، آپریشنل مہارت اور مؤثر جوابی کارروائی کے لیے تیاریاں قابل ستائش ہیں۔
پاکستان نیوی ڈاک یارڈ میں پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ سمندری رابطوں کی حفاظت اور سمندری تجارت کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنانے پر پاک بحریہ خراج تحسین کی مستحق ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حالیہ کشیدہ صورتحال میں پوری قوم نے آہنی دیوار کا کردار ادا کیا ہے اور اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی اور ہمیشہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کی تیاری مثالی ہے اور اگر بھارت نے کوئی بحری جارحیت کی ہوتی تو 1965 کی طرح پاک بحریہ تاریخ رقم کرنے کے لیے چوکس تھی۔