وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورہ امریکا میں پاکستانیوں سے خطاب کی تعریف کر دی۔
وزیراعظم نے کابینہ اجلاس کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ امریکا کے دوران امریکہ میں مقیم پاکستانیوں سے خطاب کی تعریف کی اور فیلڈ مارشل کو پاکستان کی سرحدوں و مفادات کے دفاع کے لیے پختہ عزم کے اظہار پر خراج تحسین پیش کیا۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاور سیکٹر میں مالیاتی استحکام کے لیے پاکستان کی سب سے بڑی مالیاتی اسکیم کی منظوری بھی دی گئی، پاور سیکٹر کیلئے مالیاتی اسکیم کی منظوری سے گردشی قرضے کے خاتمے کیلئے ملک کے توانائی کے شعبے کی اصلاحات میں ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔
اس اسکیم کا مقصد قومی بجٹ پر نیا مالی دباؤ ڈالے بغیر اگلے 6 سالوں میں 1,275 بلین روپے کے گردشی قرضے کو ختم کرنا ہے، اس اسکیم کے تحت پاور ہولڈنگ کمپنی کی 683 ارب روپے کی ری فنانسنگ کی جائے گی۔