ایران اور اسرائیل کے مابین جاری کشیدگی ایک خطرناک موڑ پر پہنچ گئی ہے، امریکہ بھی براہِ راست اس جنگ میں شامل ہوگیا ہے ۔
امریکہ نے فضائی کارروائی میں ایران کی اہم جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے،مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، فردو، نطنز اور اصفہان میں واقع ایرانی جوہری تنصیبات پر شدید بمباری کی گئی، جس سے وہاں بڑے پیمانے پر نقصان کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
امریکہ کا کہنا ہے کہ حملے کا مقصد ایران کی جوہری سرگرمیوں کو مفلوج کرنا تھا تاکہ اسے کسی ممکنہ ایٹمی صلاحیت کے حصول سے روکا جا سکے۔
دوسری جانب ، ایران کی اعلیٰ سکیورٹی کونسل نے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی خودمختاری اور جوہری تنصیبات پر حملوں کا منہ توڑ جواب دے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس حملے کے بعد خطے میں کشیدگی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایران اس کا سخت ردعمل دے گا، جس سے مشرقِ وسطیٰ میں نئی جنگ چھڑنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔