اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان سمیت متعدد علاقائی ممالک کی سفارتی کاوشوں کو سراہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ وہ امریکہ اور ایران کو اس امن معاہدے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں، جس کے تحت فوری اور مستقل جنگ بندی، آبنائے ہرمز کی بحالی اور آئندہ مذاکرات کے لیے ایک فریم ورک پر اتفاق کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ تنازع کے پرامن حل کی جانب ایک اہم اور مثبت پیش رفت ہے، جو خطے میں استحکام اور امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوگی۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان، قطر، مصر، سعودی عرب، ترکیہ اور دیگر علاقائی ممالک کے کردار کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ ان ممالک نے مذاکراتی عمل کی حمایت اور فریقین کو قریب لانے میں تعمیری کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں یہ امن معاہدہ ممکن ہو سکا۔
انتونیو گوتریس نے امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت نہ صرف موجودہ کشیدگی کے خاتمے کا سبب بنے گی بلکہ فریقین کے درمیان مستقبل میں بامعنی مذاکرات اور دیرپا امن کی راہ بھی ہموار کرے گی۔