اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور خطے کی تازہ ترین صورتِ حال پر تباد لہ خیال کیا۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایران پر حالیہ امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے بین الاقوامی قوانین اور خودمختار ریاستوں کے تقدس اور آئی اے ای اے قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان برادر اسلامی ملک ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کو عالمی سطح پر اپنے مفادات کا مؤثر دفاع کرنے کے لیے متحد ہونا چاہیے تاکہ کسی کو خطے میں بدامنی پھیلانے کا موقع نہ ملے۔
ایرانی صدر نے وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایران کسی بھی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کرے گا، دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی روابط اور تعاون میں اضافہ کیا جائے گا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے پر زور دیا اور دہشتگردی، عدم استحکام اور بیرونی مداخلتوں کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کا عزم دہرایا۔
مسعود پزشکیان نے ایران کے لئے پاکستان کی حمایت پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا ، وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ اس وقت مذاکرات ہی آگے بڑھنے کاراستہ ہے ، وزیر اعظم نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر ایرانی صدر سے تعزیت کا بھی اظہار کیا ۔