قومی سلامتی کمیٹی کے اہم اجلاس سے قبل پاکستان میں متعین سفیر رضا امیری مقدم نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے ۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اہم اجلاس سے قبل ایران کے پاکستان میں متعین سفیر رضا امیری مقدم وزیراعظم ہاؤس پہنچے اور وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی، خطے میں امن و استحکام، اور تازہ جغرافیائی و سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایرانی سفیر نے ایران اسرائیل امریکہ تنازع پر وزیراعظم کو بریفنگ دی اور ایران کے مؤقف سے آگاہ کیا، جبکہ وزیراعظم نے پاکستان کے امن و استحکام اور سفارتی حل کے اصولی مؤقف کو دہرایا۔
اس ملاقات کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں توازن اور سفارتی روابط کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کر رکھا ہے، ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کا وقت تبدیل کردیا گیا ہے جوکہ اب دوپہر 2 بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سمیت دیگر شریک ہوں گے۔
اجلاس میں عسکری اور سول قیادت شرکت کرے گی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اپنے حالیہ دورہ امریکا پر شرکا کو اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان جاری تنازع پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی اور ایران کی حمایت سمیت دیگر اہم امور پر بڑے فیصلے کئے جانے کا امکان ہے۔
اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملکی داخلی اور سرحدی سکیورٹی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکا نے اتوار کی صبح ایران میں تین نیوکلیئر تنصیبات پر براہ راست فضائی حملے کر دیئے، واشنگٹن پہلی بار براہ راست اسرائیل کی جاری جنگ میں شامل ہوگیا۔