فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی فیلڈ مارشل رینک میں آفیشل تصویر جاری کردی گئی۔
20 مئی 2025 کو حکومتِ پاکستان نے بری فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی ، وزیراعظم آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق فیصلے کی منظوری وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران دی گئی تھی۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’حکومت پاکستان کی جانب سے معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص کی اعلیٰ حکمتِ عملی اور دلیرانہ قیادت کی بنیاد پر ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے اور دشمن کو شِکست دینے پر جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی گئی ہے۔‘
بعد ازاں ایوان صدر اسلام آباد میں پاکستان کے سپہ سالار سید عاصم منیر کو “بیٹن آف فیلڈ مارشل” کے اعلیٰ ترین عسکری اعزاز سے نوازنے کی شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے مہمانِ خصوصی صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف تھے، جنہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کوا س اعزاز سے نوازا۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے بعد پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں جنرل عاصم منیر کی جانب سے کہا گیا کہ ’یہ اعزاز پوری قوم، افواجِ پاکستان، خاص کر سول اور ملٹری شہدا اور غازیوں کے نام وقف کرتا ہوں۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق انھوں نے مزید کہا کہ ’صدر پاکستان، وزیرِ اعظم اور کابینہ کے اعتماد کا شکر گزار ہوں۔ یہ اعزاز قوم کی امانت ہے جس کو نبھانے کے لیے لاکھوں عاصم بھی قربان ہیں۔ یہ انفرادی نہیں بلکہ افواجِ پاکستان اور پوری قوم کے لیے اعزاز ہے۔‘
فیلڈ مارشل کیا ہوتا ہے؟
فیلڈ مارشل (Field Marshal) ایک اعلیٰ ترین فوجی عہدہ ہوتا ہے جو عام طور پر کسی ملک کی بری فوج میں دیا جاتا ہے، یہ عہدہ جنرل سے بھی اوپر ہوتا ہے اور اکثر اعزازی طور پر دیا جاتا ہے، خصوصاً اُن افسران کو جنہوں نے جنگوں میں غیر معمولی خدمات انجام دی ہوں یا ملکی دفاع میں بڑا کردار ادا کیا ہو۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے پاکستان کی تاریخ میں جنرل ایوب خان وہ واحد آرمی چیف تھے جنھیں یہ عہدہ اس وقت دیا گیا تھا جب وہ ملک کے صدر بھی تھے۔