ملک بھر میں بارشیں، سیلاب کا خطرہ، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے نے موسمیاتی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگلے چوبیس تا اڑتالیس گھنٹے کے دوران ملک بھر کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور ممکنہ سیلاب کا امکان ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سندھ اور پنجاب کے شہری علاقوں اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیدنگ کا خطرہ ہے۔ گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بھی سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
26 تا 28 جون کے دوران اسلام آباد، فیصل آباد، سرگودھا، میانوالی اور ڈی جی خان میں تیز ہوائیں چلنے اور موسلادھار بارش کی توقع ہے۔ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان کے شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، سجاول، جامشورو، نوابشاہ اورلاڑکانہ کے شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
سکھر، کشمور، تھرپارکر، میرپورخاص، عمرکوٹ، سانگھڑ، ٹنڈو الہ یار، بدین میں موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے، خیبرپختونخوا میں چترال، سوات، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ ہونے کی توقع ہے۔