پاکستان آج خطے میں “نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر” کے طور پر ابھر رہا ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

پاکستان آج خطے میں “نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر” کے طور پر ابھر رہا ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان آج خطے میں “نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر” کے طور پر ابھر رہا ہے، اور ہماری مسلح افواج کی بروقت اور پرعزم جوابی کارروائیوں نے قومی وقار کو مزید تقویت بخشی ہے۔ فیلڈ مارشل پاکستان نیول اکیڈمی میں 123 ویں مڈشپ مین اور 31ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ پریڈ سے خطاب کر رہے تھے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کیڈیٹس کے مثالی ٹرن آؤٹ اور ان کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان نیول اکیڈمی کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کا مظہر ہے۔ انہوں نے ترکی، بحرین، عراق، فلسطین اور جبوتی سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی کیڈیٹس کو بھی تربیت مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاک بحریہ کی روایات میں عسکری اقدار، غیر معمولی مہارت اور بے مثال پیشہ ورانہ طرز عمل شامل ہیں۔ انہوں نے کیڈیٹس کو مخاطب کرتے ہوئے زور دیا کہ وہ اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو مسلسل نکھاریں اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے خود کو تیار رکھیں۔

انہوں نے نے بھارت کے جارحانہ اور متکبرانہ رویے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت فوجی طاقت، قوم پرستی اور جعلی اسٹریٹجک حیثیت کا سہارا لے کر سیاسی فوائد حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ماضی میں دو بار دہشت گردی کے بہانے پاکستان پر بلاجواز حملے کیے، لیکن ہماری مسلح افواج نے بروقت اور مؤثر جواب دے کر نہ صرف ملکی خودمختاری کا دفاع کیا بلکہ خطے کو بڑے تنازعے سے بھی بچایا۔

فیلڈ مارشل نے واضح الفاظ میں کہا کہ اگر کوئی دشمن ہماری خودمختاری کو چیلنج کرے گا تو اسے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے، اور اس کی تمام تر ذمہ داری اس پر عائد ہوگی۔ پاکستان اپنی قومی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع میں کبھی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے مسئلہ کشمیر کے پُرامن اور منصفانہ حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جس جدوجہد کو بھارت “دہشت گردی” کہتا ہے، وہ درحقیقت کشمیری عوام کی جائز اور قانونی تحریکِ آزادی ہے، جسے بین الاقوامی قوانین بھی تسلیم کرتے ہیں۔ فیلڈ مارشل نے کشمیری شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کبھی بھی کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتا، اور پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ میں کامیابی کے قریب ہے، اور ایسے وقت میں دشمن دانستہ طور پر خطے میں کشیدگی بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس جنگ کو مکمل فتح تک جاری رکھیں گے، اور پاکستان کو دہشت گردی کے ناسور سے ہمیشہ کے لیے نجات دلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن مسلسل ہماری ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن ہم ایک روشن، محفوظ اور مستحکم مستقبل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ فیلڈ مارشل نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی ترقی کے لیے عوام، حکومت اور افواجِ پاکستان کے مابین باہمی اعتماد اور اتحاد ناگزیر ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سورۃ ال عمران کی آیت 54 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی فرماتا ہے:”انہوں نے چالیں چلیں، اور اللہ نے بھی تدبیر کی، اور بہترین تدبیر کرنے والا اللہ ہے۔”(سورہ آلِ عمران، آیت 54)

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو سمجھ لینا چاہیے کہ جب تک مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پائیدار حل نہیں نکلتا، جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کا قیام ممکن نہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *