ویب ڈیسک۔ نامور تجزیہ کار انیق ناجی نے کہا ہے کہ بھارتی ڈپٹی آرمی چیف نے بالآخر دو ماہ بعد جنگ میں شکست تسلیم کر لی ہے، مگر ساتھ ہی ملبہ دوسروں پر ڈالنے کی ناکام کوشش بھی کی ہے۔ انیق ناجی نے کہا کہ بھارتی ڈپٹی آرمی چیف نے شکست کی عجیب و غریب وجوہات پیش کیں اور دعویٰ کیا کہ بھارت تو دو تین ملکوں سے لڑ رہا تھا جنہوں نے پاکستان کو آگے کر رکھا تھا، اور جنگ میں چینی ہارڈویئر استعمال ہوا۔
انیق ناجی کے مطابق، بھارت کے پاس اسرائیلی ٹیکنالوجی موجود تھی جبکہ پاکستان کا دفاعی بجٹ بھارت سے کہیں کم تھا۔ اس کے باوجود پاکستان نے اپنی مہارت سے یہ ثابت کر دیا کہ اصل اہمیت مشین کی نہیں بلکہ اسے چلانے والے کی ہوتی ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں بھیجے جانے والے ڈرونز اسرائیلی ساختہ تھے اور ان کی نگرانی اسرائیلی ماہرین کر رہے تھے۔ اس کے باوجود پاکستان نے ان ڈرونز کو کامیابی سے ناکام بنایا۔
انیق ناجی نے پاک فضائیہ کے افسران کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رافیل ایک بہترین طیارہ ہے، لیکن اسے مؤثر انداز میں استعمال کرنے کے لیے مہارت درکار ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ثابت کر دیا کہ صرف جدید ٹیکنالوجی اور مہنگے طیارے جنگ نہیں جتواتے، اصل چیز پیشہ ورانہ مہارت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اپنی ناکامی چھپانے کے لیے اب مضحکہ خیز منطقیں پیش کر رہا ہے۔ اگرچہ بھارت دعویٰ کر رہا ہے کہ چین بھی جنگ میں پاکستان کے ساتھ شامل تھا، لیکن انیق ناجی نے واضح کیا کہ اس جنگ میں چین کی شمولیت کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ البتہ اگر چین ساتھ ہوتا تب بھی حیرانی کی بات نہ ہوتی کیونکہ چین اور پاکستان کے دوستانہ تعلقات سے دنیا واقف ہے۔