وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران مشترکہ ترقی اور روشن مستقبل کے لیے مل کر آگے بڑھیں گے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ پاکستان کے لیے دعوت قبول کرنے پر ایرانی صدر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پاکستان میں خوش آمدید کہا۔
وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت اور جنگ بندی کے لیے وقار کے ساتھ دستخط کر چکا ہے اور آج روشن مستقبل کے لیے سب اکٹھے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن مذاکرات کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے انتھک کوششیں کیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان امن اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے پاکستان کی ثالثی کی صلاحیت پر اعتماد کرنے پر وہ شکر گزار ہیں اور اللہ کے فضل سے ثالثی کی کوششوں کو کامیابی حاصل ہوئی۔
وزیراعظم نے اظہارِ یقین کیا کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی قیادت میں ایران ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ برگن اسٹاک میں تکنیکی سطح کے مذاکرات بھی اہمیت کے حامل رہے ہیں۔ وزیراعظم نے امن کے لیے کوششوں میں تعاون پر دوست ممالک کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قطر، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کی قیادت نے بھی امن کے لیے اہم کوششیں کیں۔