وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ ہونے والی حالیہ جنگ میں پاکستان نے بھرپور عزم اور دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں کامیابی حاصل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس جنگ میں پاکستان نے کسی بیرونی ملک کی عسکری مدد کے بغیر اپنے وسائل اور حوصلے سے دشمن کو شکست دی۔خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کیے گئے دعوے بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں، جن کا مقصد صرف اپنے عوام کو خوش رکھنا اور اصل صورتحال سے نظریں چرانا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں :روایتی جنگ کے بعد آبی جنگ میں بھی بھارت کو ہی شکست ہوگی، خواجہ آصف
انہوں نے کہا کہ بھارت کو عالمی سطح پر تنہائی کا سامنا ہے ، صرف اسرائیل اس کے ساتھ کھڑا نظر آیا جبکہ پاکستان کو دنیا بھر کی اخلاقی اور سفارتی حمایت حاصل رہی۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ ترکی اور چین نے پاکستان کے ساتھ سفارتی یکجہتی کا اظہار کیا لیکن میدانِ جنگ میں کسی قسم کی عسکری مداخلت نہیں کی گئی دفاعی سازو سامان کی خریداری کے حوالے سے پاکستان کو خودمختاری حاصل ہے، چاہے وہ ترکی، چین یا امریکہ سے ہو، مگر اس کا مطلب جنگی شراکت نہیں۔
وزیر دفاع نے بھارتی فوجی قیادت کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ وہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں :شملہ معاہدہ ختم، پاک بھارت تعلقات 1948 کی پوزیشن پر واپس آگئے، خواجہ آصف
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر بار اپنی جنگ خود لڑی ہے اور آئندہ بھی دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا،مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی قیادت حقیقت سے دور ہو چکی ہے اور ان کی سیاست صرف پروپیگنڈے پر مبنی ہے۔.
انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا ماحول اب کسی فلمی سیٹ جیسا لگتا ہے جہاں جھوٹ کو سچ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہو۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بھارت کی طرف سے پاکستان پر یہ الزام عائد کیا گیا کہ چین نے اسے بھارتی تنصیبات سے متعلق خفیہ معلومات فراہم کیں،خواجہ آصف نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنی خودمختاری اور ساکھ کا دفاع کیا ہے اور اگر بھارت نے دوبارہ کسی مہم جوئی کی کوشش کی، تو اسے وہی جواب ملے گا جو پہلے دیا جا چکا ہے۔