اسرائیل پر حملوں کے دوران ایرانی میزائلوں نے 5 اسرائیلی فوجی اڈوں کونشانہ بنایا، برطانوی اخبار

اسرائیل پر حملوں کے دوران ایرانی میزائلوں نے 5 اسرائیلی فوجی اڈوں کونشانہ بنایا، برطانوی اخبار

برطانوی جریدے ٹیلیگراف کی ایک رپورٹ کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری حالیہ تنازع کے دوران ایرانی میزائلوں نے کم از کم پانچ اسرائیلی فوجی مراکز کو نشانہ بنایا۔

رپورٹ میں ریڈار ڈیٹا کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایرانی میزائل حملوں کا ہدف شمالی اور وسطی اسرائیل میں واقع چھ اہم فوجی تنصیبات تھیں۔ اخبار کے مطابق اسرائیلی افواج کی جانب سے سخت سنسر شپ عائد کیے جانے کی وجہ سے یہ تفصیلات عام نہیں کی گئیں۔

ان حملوں میں جس نوعیت کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ان میں ایک فضائی اڈہ، ایک انٹیلیجنس مرکز اور ایک لاجسٹک یونٹ شامل تھے۔ حملے میں تل نوف ایئربیس، گلیلت انٹیلیجنس سینٹر اور شمالی اسرائیل میں واقع کیمپ زپوریت اسلحہ و گاڑیوں کی تیاری کا مرکز نمایاں اہداف میں شامل تھے۔

یہ خبر بھی پڑھیں :اسرائیل ایران جنگ کے بعد آیت اللہ خامنہ ای منظر عام پر آگئے، شب عاشور کی مجلس میں شرکت

ٹیلیگراف کے مطابق کل چھ ایرانی میزائل ان پانچ اسرائیلی اڈوں پر گرے، تاہم اسرائیلی دفاعی اداروں کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

ادھر اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملوں کی تفصیلات خفیہ رکھنے کا مقصد ایران کو اپنی میزائل صلاحیت کو بہتر بنانے سے روکنا ہے، کیونکہ حملوں کے نتائج سے ایران کو اپنی عسکری حکمت عملی میں بہتری کا موقع مل سکتا ہے۔

یاد رہے کہ 13 جون کو اسرائیل نے ایران پر حملے شروع کیے تھے  جن میں ایرانی مسلح افواج کے سینئر افسران اور پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ اہم جوہری سائنسدان شہید ہوئے، بعد ازاں امریکہ نے بھی فردو، اصفہان اور نطنز میں ایرانی جوہری مراکز کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا۔

جوابی کارروائی میں ایران نے اسرائیل پر شدید میزائل حملے کیے، جن میں متعدد اہم تنصیبات کو نقصان پہنچا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *