پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے نئے مالی سال کا آغاز تاریخی تیزی کے ساتھ کیا، جب اس کا بینچ مارک کے ایس ای انڈیکس پیر کو پہلی بار انٹرا ڈے ٹریڈنگ کے دوران 133,000 کی حد عبور کر گیا۔
معاشی اعتماد، تجارتی معاہدوں کی امیدوں اور مہنگائی میں کمی کے باعث سرمایہ کاروں کا رجحان مثبت رہا، جس کے نتیجے میں مارکیٹ نے 133,862.01 پوائنٹس کی انٹرا ڈے بلند ترین سطح کو چھوا اور 1,912.95 پوائنٹس یعنی 1.45 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا۔
تاجر برادری میں تجارتی معاہدوں اور اقتصادی اصلاحات کے حوالے سے مثبت رائے سامنے آ رہی ہے اسماعیل اقبال سیکیورٹیز کے سی ای او احفاظ مصطفیٰ نے کہا کہ ’ ٹیرف معاہدہ اور مسلسل امیدیں اس بہتری کو تقویت دے رہی ہیں۔ تکنیکی طور پر ہم نے کئی نئی بلندیوں کو چھوا ہے، چونکہ کمائی کا سیزن بھی قریب ہے، اس لیے یہ تمام عوامل اسٹاک مارکیٹ کو اوپر لے جا رہے ہیں‘۔
دن کی کم ترین سطح 132,467.12 پوائنٹس رہی، جو کہ 518.06 پوائنٹس 0.39 فیصدکے اضافے کی عکاسی کرتی ہے، یعنی پورے دن مارکیٹ میں مثبت رجحان برقرار رہا۔
اسٹاک ایکسچینج میں بہتری کی کچھ وجوہات ہیں جن میں سرفہرست ملک میں معاشی استحکام آیا ہے جس میں پاکستان نے 3.4 ارب ڈالر کا چینی رول اوور اور ری فنانسنگ حاصل کی، جب کہ 1.5 ارب ڈالر مشرق وسطیٰ کے قرض دہندگان اور کثیرالملکی شراکت داروں سے حاصل کیے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 30 جون کو 14.51 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں جبکہ مہنگائی میں کمی کے باعث جون کے لیے کنزیومر پرائس انڈیکس سالانہ بنیاد پر 3.2 فیصد رہا، جب کہ مالی سال 25 کی اوسط مہنگائی 4.5 فیصد رہی، جو کہ مالی سال 24 کی 23.4 فیصد کی شرح کے مقابلے میں نمایاں کمی ہے۔ اس سے شرح سود میں ممکنہ کمی کی توقع پیدا ہوئی ہے، جس سے اسٹاک مارکیٹ مزید پرکشش بن گئی ہے۔
پی ایس ایکس نے مالی سال 25 میں 60 فیصد مجموعی منافع کے ساتھ خطے کی بہترین کارکردگی دکھانے والی مارکیٹ کا اعزاز حاصل کیا۔ یہی مثبت رجحان اب مالی سال 26 میں بھی جاری ہے، جب کہ روزانہ تجارتی حجم میں 31 فیصد ہفتہ وار اضافہ دیکھنے میں آیا، جو سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کا ثبوت ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس رجحان میں مزید بہتری ممکن ہے، کیونکہ سرمایہ کار کم منافع دینے والے فکسڈ انکم اثاثوں سے نکل کر ایکوئٹیز میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں، جس کی وجہ متبادل سرمایہ کاری پر بڑھتے ہوئے ٹیکس اور کم ریٹرن ہیں۔
مضبوط بنیادی عوامل اور بہتر سرمایہ کاری کے اعتماد کے ساتھ، کے ایس ای 100 انڈیکس نئی بلندیوں کی طرف گامزن ہے، جو پاکستان کی مضبوط ہوتی معاشی تصویر کی عکاسی کرتا ہے۔