کوئی بھی پاکستان کے ’ایٹمی اثاثوں‘ کو نشانہ بنانے کی جرات نہیں کرسکتا، ڈی جی آئی ایس پی آر

کوئی بھی پاکستان کے ’ایٹمی اثاثوں‘ کو نشانہ بنانے کی جرات نہیں کرسکتا، ڈی جی آئی ایس پی آر

ترجمان پاک فوج، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر محفوظ ہاتھوں میں ہے، پاکستان کو بلوچستان میں ’فتنۃ الہندوستان‘ کے خوارجی دہشتگردوں کا سامنا ہے، فتنۃ الہندوستان کی اصطلاح بھارت کی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیموں کے لیے استعمال ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سیاسی معاملات سیاستدان طے کریں ،مسلح افواج کو سیاست میں ملوث نہ کیاجائے ، ڈی جی آئی ایس پی آر

عالمی نشریاتی ادارے الجزیرہ کو خصوصی انٹرویو میں ترجمان پاک فوج احمد شریف چوہدری نے بھارت کی ریاستی دہشتگردی اور پاکستان کی سلامتی سے متعلق سنگین خدشات پر کھل کر اظہار خیال کیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’بھارت نے ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی کو ایک منظم پالیسی کے طور پر اپنایا ہوا ہے، جس کا بنیادی مقصد پاکستان کو، بالخصوص صوبہ بلوچستان کو، غیر مستحکم کرنا ہے۔وہ گزشتہ ماہ وزیرستان میں ہونے والے خودکش حملے کا حوالہ دے رہے تھے، جس میں 16 پاکستانی فوجی شہید اور 20 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔ حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم فتنہ الخوارج نے قبول کی تھی۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ’خارجیوں‘ کی اصطلاح ان دہشتگرد گروہوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے جو ریاست اور سیکیورٹی اداروں پر حملے کرتے ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ فتنہ الخوارج انہی گمراہ کن نظریات کا تسلسل ہے جنہوں نے ہمیشہ اسلام کے نام پر مسلمانوں کا قتل عام کیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ اسلام میں جہاد یا قتال کا اختیار صرف ریاست کے پاس ہے، کسی فرد یا گروہ کو اس کی اجازت نہیں ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ’فتنہ الہندوستان‘ کی اصطلاح کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھارت کی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیموں کے لیے استعمال ہوتی ہے جو بلوچستان میں بدامنی پھیلانے میں ملوث ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی سیاسی قیادت کئی مواقع پر پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں کی پشت پناہی کا اعتراف کر چکی ہے، جبکہ ان کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول ہے۔

مزید پڑھیں:خضدار ، سکول بس پر فتنۃ الہندوستان کے حملے میں شہید طلبہ کی تعداد 6 ہوگئی

ڈی جی آئی ایس پی آر نے الجزیرہ کے ساتھ انٹرویو کے دوران بلوچستان میں متحرک فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد نیٹ ورک کے ناقابل تردید ثبوت بھی پیش کیے اور کہا کہ بھارت دُنیا کو جھوٹے پروپیگنڈے کے ساتھ گمراہ نہیں کر سکتا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ امریکا، کینیڈا اور دیگر ممالک بھی بھارتی ریاستی دہشتگردی کا اعتراف کر چکے ہیں، جو کہ بین الاقوامی سطح پر بھارت کے مذموم کردار کو بے نقاب کرتا ہے۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بننے والے ایران کے لیے پاکستان کی سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ پاکستان کے جوہری پروگرام پر بات کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’پاکستان کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پرمحفوظ، ذمہ دار ہاتھوں میں اور ناقابل تسخیر ہے۔’انہوں نے زور دے کر کہا کہ کوئی بھی ملک ہمارے ایٹمی اثاثوں کو نشانہ بنانے کی جرات نہیں کر سکتا۔

آخر میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے اور اس کی جوہری صلاحیت خطے میں طاقت کے توازن اور ملکی دفاعی صلاحیت کا مظہر ہے۔ یہ انٹرویو عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کرنے اور بھارت کی ریاستی دہشتگردی کو بے نقاب کرنے کی ایک اہم کاؤش تصور کیا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *