بھارتی جارحیت خطے کے امن کے لیے خطرہ، نئے راکٹ سسٹم پناکا -IV راکٹ پر کام شروع کردیا

بھارتی جارحیت خطے کے امن کے لیے خطرہ، نئے راکٹ سسٹم پناکا -IV راکٹ پر کام شروع کردیا

ویب ڈیسک۔ جنوبی ایشیا میں بھارتی جنگی عزائم ایک بار پھر بے نقاب ہو گئے ہیں۔ بھارت اپنے دفاعی نظام کو مسلسل جدید بنا کر خطے میں اسلحے کی دوڑ کو ہوا دے رہا ہے۔ اسی سلسلے میں، بھارت کے دفاعی تحقیقاتی ادارے ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) نے 300 کلومیٹر تک مار کرنے والے نئے راکٹ سسٹم پناکا -IV پر کام شروع کر دیا ہے، جس سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑنے کا خدشہ ہے۔

انڈین ڈیفنس ریسرچ ونگ (IDRW) کی رپورٹ کے مطابق، اس راکٹ سسٹم کی آزمائش ممکنہ طور پر سال 2028 میں شروع ہو جائے گی۔ پناکا -IV، پریلے جیسے تاکتیکی میزائلوں سے متاثر ہو کر تیار کیا جا رہا ہے، جس میں دشمن کے فضائی دفاعی نظام کو چکمہ دینے اور انتہائی درستگی سے نشانہ لگانے کی صلاحیت شامل کی جائے گی۔

یہ پیش رفت بھارتی انتہا پسندی اور جارحانہ عزائم کی واضح مثال ہے، جو نہ صرف ہمسایہ ممالک کے لیے تشویش کا باعث ہے بلکہ پورے خطے کے امن اور استحکام کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔

پناکا راکٹ سسٹم کی تاریخ پر نظر ڈالیں تو یہ کارگل جنگ کے بعد بھارتی فوج میں شامل کیا گیا تھا۔ اس کا پہلا ورژن پناکا ملٹی بیرل راکٹ لانچر (MBRL) صرف 40 کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا، لیکن اب بھارت اسے 300 کلومیٹر کی رینج تک لے جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ بے نقاب، بھارتی فضائیہ اور اسرائیل کا امریکی جیولین اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل کیلئے معاہدہ

نئے پناکا -IV کی خاص بات یہ ہے کہ اس کا سائز 300 ملی میٹر ہے، جو کہ پرانے راکٹوں کے مقابلے میں بڑا ہے، اور یہ 250 کلوگرام دھماکہ خیز مواد لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ڈی آر ڈی او کے ریسرچ سینٹر امارات (RCI) نے اس میں اسمارٹ نیویگیشن سسٹم شامل کیا ہے، جو اسے انتہائی درستگی سے ہدف کو نشانہ بنانے کے قابل بناتا ہے، یہاں تک کہ یہ خطا کی حد 10 میٹر سے بھی کم رکھتا ہے۔

اس طرح کی جدید دفاعی تیاریوں کے پسِ پردہ بھارتی قیادت کا جنگی جنون صاف جھلکتا ہے۔ بھارت کی اسلحہ اندوزی اور دفاعی نظام میں تیزرفتار ترقی نہ صرف طاقت کے توازن کو بگاڑ رہی ہے بلکہ جنوبی ایشیا میں امن کی کوششوں کو بھی شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران نے دفاعی نظام کو فعال کرنے کے لیے چین سے جدید فضائی میزائل سسٹمز حاصل کر لیے، مڈل ایسٹ آئی

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بھارتی جارحیت کا یہ سلسلہ نہ رکا تو اس کے سنگین نتائج خطے کے تمام ممالک کو بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *