تائیوان نئے امریکی ٹینکوں اور شہری مشقوں کے ساتھ ممکنہ جنگ کی تیاری میں مصروف

تائیوان نئے امریکی ٹینکوں اور شہری مشقوں کے ساتھ ممکنہ جنگ کی تیاری میں مصروف

ویب ڈیسک۔ تائیوان نے چین کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران اپنی تاریخ کی سب سے بڑی فوجی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے، جن میں امریکہ سے حاصل کیے گئے جدید M1 ابرامز ٹینک بھی شامل ہیں۔ یہ مشقیں تائیوان کے ضلع ہسنچو میں منعقد کی گئیں، جن میں زندہ گولہ بارود کے ساتھ مشقیں بھی شامل تھیں۔

مشق کے دوران چار ٹینکوں نے کیچڑ بھرے میدان میں چلتے اور ساکن اہداف پر فائرنگ کی۔ صدر لائی چنگ تے نے خود مشقوں کا معائنہ کیا اور کہا کہ ہر عسکری طاقت میں اضافہ جزیرے کی سلامتی کو مزید مضبوط بناتا ہے۔

تائیوان کو دسمبر میں پہلے 38 ٹینک موصول ہوئے تھے، جب کہ مجموعی طور پر 108 ٹینک 2025 کے اختتام تک پہنچنے کی توقع ہے۔ یہ ٹینک گزشتہ 24 برس میں تائیوان کی فوج میں شامل ہونے والے پہلے نئے ٹینک ہیں۔ اگرچہ انہیں حاصل کر لیا گیا ہے، مگر یہ مکمل طور پر سروس میں شامل نہیں ہوئے۔ فوجی ذرائع کے مطابق، یہ ٹینک 2025 کے آخر تک مکمل طور پر کمیشن ہوں گے۔

چین تائیوان کو اپنا علاقہ قرار دیتا ہے اور حالیہ برسوں میں جزیرے کے گرد عسکری دباؤ میں اضافہ کیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، ابرامز ٹینک شہری اور ساحلی دفاع میں تائیوان کی مدد کر سکتے ہیں، لیکن انہیں ڈرونز اور اینٹی ٹینک ہتھیاروں سے شدید خطرات لاحق ہیں، جیسا کہ یوکرین میں دیکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کا جنگی جنون سر چڑھ کر بولنے لگا، نئے راکٹ سسٹم ’پناکا۔4 کی تیاری شروع کردی

تائیوانی حکام کے مطابق، ان ٹینکوں کی حفاظت کے لیے کاؤنٹر ڈرون سسٹمز استعمال کیے جائیں گے، جن میں کچھ کو بلند مقامات پر تعینات کیا جائے گا تاکہ تحفظ میں اضافہ کیا جا سکے۔

صدر لائی کا کہنا ہے کہ یہ ٹینک ڈرونز اور جدید حربی حکمتِ عملی کے ساتھ مربوط کیے جا سکتے ہیں، جو تائیوان کو اپنے اسٹریٹیجک اہداف حاصل کرنے میں مدد دیں گے۔

اسی دوران، تائیوان کی شہری دفاعی مشقیں بھی جاری ہیں۔ جمعرات کے روز سپر مارکیٹس میں فضائی حملے کی صورت میں انخلا کی مشقیں کی گئیں، جن میں خریداروں کو سائرن بجنے پر تہہ خانوں میں منتقل کیا گیا۔

حکام نے کہا ہے کہ شہری معاشرے کو ہر ممکن صورتحال کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ تاہم چین کی وزارتِ دفاع نے تائیوان کی ان مشقوں کو “محض دکھاوا” قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 92 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے، بلاول بھٹو زرداری

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *