برطانیہ نے امیگریشن نظام میں ایک اہم تبدیلی کرتے ہوئے پاکستانی طلبا اور کام کے سلسلے میں برطانیہ جانے والے افراد کے لیے ویزا جاری کرنے کا طریقہ کار تبدیل کر دیا ہے۔
پاکستان کے لیے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے منگل کو ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ برطانیہ کے لیے تعلیم یا ملازمت کے مقاصد سے جانے والے بیشتر مرکزی درخواست دہندگان کو پاسپورٹ میں فزیکل ویزا اسٹیکر کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اب انہیں ایک ڈیجیٹل ویزا (ای ویزا) جاری کیا جائے گا۔
ای ویزا ایک آن لائن ریکارڈ ہوتا ہے جو کسی فرد کی امیگریشن حیثیت، برطانیہ میں رہنے یا داخلے کی اجازت اور اس سے متعلق شرائط کو ظاہر کرتا ہے۔ درخواست دہندگان اپنی ویزا حیثیت کو یو کے ویزاز اینڈ امیگریشن کے آن لائن اکاؤنٹ کے ذریعے دیکھ اور کنٹرول کر سکتے ہیں۔
The UK is launching eVisas in Pakistan for most students and workers applying for more than 6 months! It will make it simpler and safer, and you can hold on to your passport.
برطانوی حکومت کے مطابق یہ نیا نظام ویزا کے عمل کو نہ صرف آسان بنائے گا بلکہ اسے زیادہ محفوظ اور ڈیجیٹل بھی کرے گا۔ پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ ’ یہ تبدیلیاں برطانوی ویزا نظام کو طلبا اور کارکنوں کے لیے بہت آسان بنا دیں گی۔ اب انہیں اپنی شناخت اور ویزا کی حیثیت ثابت کرنے کے لیے پاسپورٹ دینے کی ضرورت نہیں، جو وقت کی بچت ہے‘۔
یہ نیا نظام درج ذیل ویزا اقسام کے لیے درخواست دہندگان پر لاگو ہوگا
طلبا بشمول 11 ماہ کے مختصر مدتی مطالعاتی ویزے کے لیے اسی طرح گلوبل بزنس موبیلیٹی روٹس (سینیئر یا اسپیشلسٹ ورکر، گریجویٹ ٹرینی، یو کے ایکسپینشن ورکر، سروس سپلائر، سیکنڈمنٹ ورکر وغیرہ کے لیے)
گلوبل ٹیلنٹ، انٹرنیشنل اسپورٹس پرسن، اسکلڈ ورکر (بشمول ہیلتھ اینڈ کیئر ویزا)، عارضی کام کے ویزے (چیریٹی ورکر، کریئیٹو ورکر، گورنمنٹ آتھرائزڈ ایکسچینج، انٹرنیشنل ایگریمنٹ، مذہبی کام کے ویزے وغیرہ کے لیے)۔
یوتھ موبیلیٹی اسکیم
ای ویزا حاصل کرنے والے افراد اپنی سفری دستاویز (جیسے پاسپورٹ) اپنے ’یو کے وی آئی) اکاؤنٹ سے منسلک کر سکتے ہیں تاکہ بین الاقوامی سفر میں آسانی ہو۔ وہ ’ویو اینڈ پروو‘ سروس کے ذریعے آجر، مکان مالکان، یا دیگر اداروں کو اپنی ویزا حیثیت محفوظ طریقے سے دکھا سکتے ہیں۔
جن افراد کی درخواستیں ریفرینسز کے طور پر یا تعلیم و ملازمت کے علاوہ ویزا کی اقسام (جیسے عام وزیٹر ویزا) کے لیے ہیں، ان کے لیے اب بھی فزیکل ویزا اسٹیکر جاری کیا جائے گا۔ جن کے پاس پہلے سے جاری شدہ اور قابلِ استعمال ویزا اسٹیکرز موجود ہیں، انہیں کسی اقدام کی ضرورت نہیں ہوگی۔
یہ نیا ڈیجیٹل نظام بالآخر تمام ویزا اقسام پر لاگو کر دیا جائے گا، جس سے برطانوی ویزا حاصل کرنے والوں کے لیے عمل مزید محفوظ، آسان اور موثر ہو جائے گا۔
یہ اقدام دنیا بھر میں امیگریشن نظام کو ڈیجیٹل بنانے کے رجحان کا حصہ ہے، جو مسافروں کے لیے زیادہ سہولت اور تحفظ فراہم کرتا ہے۔