لاہور سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں موسلادھار بارش سے جہاں موسم خوشگوار ہوگیا وہیں بارش کے باعث حادثات کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں آج مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ، ہرنائی میں طوفانی بارش سے ندی نالوں میں سیلاب جبکہ ملک بھر سے رابطہ منقطع ہوگیا، لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
پیر کے روز ہونے والی بارش سے متعدد نشیبی علاقے ڈوب گئے،درجنوں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی گھنٹوں معطل رہی ، جس سے نظام زندگی بھی مفلوج ہو گیا،چھتیں،آسمانی بجلی گرنے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سپیل 17 جولائی تک برقرار رہے گا، آج بھی ملک کے مختلف شہروں میں کہیں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے اور کہیں پھوار پڑے گی۔
لاہور میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش برسنے کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث حبس کی شدت میں کمی آئی ہے، کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں مسلم ٹاؤن، کلمہ چوک، بیدیاں روڈ، گلبرگ، کینٹ اور ایئر پورٹ کے اطراف میں خوب بارش ہوئی، اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں قصور، پاکپتن، کمالیہ، چنیوٹ، جھنگ، ننکانہ صاحب، وہاڑی، عبدالحکیم، چشتیاں، منڈی صادق آباد، منچن آباد، سرگودھا اور کندیاں میں بادل برس پڑے، بصیر پور میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
آزاد کشمیر کے مختلف مقامات پر بھی وقفے وقفے سے بارش سے حبس میں کمی اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا، اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، جبکہ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابرآلود رہے گا، راولپنڈی، مری اور گلیات میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کی امید ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ پنجاب کے بیشتر دریاؤں و ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔ دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 26 ہزار کیوسک ہے، چناب راوی جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، راجن پور ہل ٹورنٹس میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔ ڈیرہ غازی خان وڈور رودکوہی سے اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔
ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے الرٹ ہیں، مون سون بارشوں کے باعث دریاؤں و ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے و متعلقہ ادارے الرٹ ہیں، شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، عوام الناس سے التماس ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔