سینیٹ انتخابات کے سلسلے میں خیبرپختونخوا میں حکومت اور اپوزیشن امیدواروں کو بلامقابلہ منتخب کرانے سے حوالے سے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے سینیٹ انتخابات کے سلسلے میں تمام اُمیدوار بلامقابلہ منتخب کرلیے گئے۔
ذرائع کے مطابق حکومت اوراپوزیشن کی باہمی رضامندی کے بعد اُمیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے، ناراض کورنگ اُمیدواروں کے معاملے پر پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات دور ہوگئے۔
پی ٹی آئی کے تمام کورنگ امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے، سینیٹ الیکشن کے نتائج حکومت و اپوزیشن کے درمیان طے فارمولے کےمطابق ہوں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سینیٹ کی 6 نشستیں پی ٹی آئی اور5نشستیں اپوزیشن کو ملیں گی، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) کو 2،2، مسلم لیگ (ن) کوایک نشست ملے گی۔
پی ٹی آئی کی کور اور سیاسی کمیٹی کا فیصلہ: دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی کے ناراض امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لینے کا فیصلہ کرلیا اجلاس میں سینیٹ امیدواروں کے ناموں کی منظوری دے دی گئی۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے فیصلے کے مطابق سینیٹ الیکشن بلامقابلہ ہوں گے، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے سینیٹ الیکشن کیلئے منظور ناموں پر غور ہوا۔