رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025: پاک فضائیہ نے دو عالمی اعزازات اپنے نام کر لیے

رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025: پاک فضائیہ نے دو عالمی اعزازات اپنے نام کر لیے

اسلام آباد / لندن: پاک فضائیہ نے عالمی شہرت یافتہ رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو (RIAT-2025) میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا پرچم ایک بار پھر بین الاقوامی فضاؤں میں بلند کر دیا۔ برطانیہ میں ہونے والے دنیا کے سب سے بڑے فوجی ایئر شو میں پاکستان ایئر فورس (PAF) نے دو انتہائی اہم اور باوقار ایوارڈز اپنے نام کر لیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے جدید ترین JF-17 تھنڈر بلاک-III لڑاکا طیارے نے RIAT کا سب سے بڑا اعزاز “Spirit of the Meet” حاصل کیا۔ یہ ایوارڈ بہترین کارکردگی، جدید ٹیکنالوجی اور منفرد فضائی مظاہرے پر دیا جاتا ہے۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ یہ طیارہ پاکستان سے برطانیہ تک بغیر رکے ایئر ٹو ایئر ری فیولنگ (AAR) کے ذریعے پہنچا، جس نے نہ صرف تکنیکی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا بلکہ اپنی دلکش اسکیم اور انٹری سے بین الاقوامی جیوری اور ماہرین کو بھی متاثر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پیرس ائیر شو: پاک چین دوستی کی پہچان جے ایف 17 تھنڈر شرکا کی توجہ کا مرکز بن گیا

اسی ایئر شو میں پاک فضائیہ کے C-130H ہرکولیس طیارے نے بھی عالمی سطح پر داد سمیٹی اور اسے “Concours d’Elegance” ٹرافی سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز بہترین تیاری، تخلیقی ڈیزائن اور نمایاں ظاہری معیار کے حامل طیارے کو دیا جاتا ہے۔ اس سال شو کا تھیم “Eyes in the Skies” تھا، جس کے مطابق C-130 کو خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا، جو کئی طیاروں میں سب سے نمایاں قرار پایا۔

بین الاقوامی ہوا بازوں پر مشتمل جیوری نے مختلف طیاروں کا تفصیلی جائزہ لیا، جن میں PAF کے C-130 کو فنکارانہ پیشکش اور تخلیقی ڈیزائننگ کے باعث نمایاں مقام حاصل ہوا۔ شو میں شریک دنیا بھر کے شائقین نے PAF کے طیاروں کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور پاکستانی فضائی مظاہروں کو سراہا۔

چیف آف دی ایئر اسٹاف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کی اس شاندار کارکردگی پر ٹیم کو دل کی گہرائی سے مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ “قوم کا پرچم سربلند رکھنا ہمیشہ سے پاک فضائیہ کا امتیازی وصف رہا ہے۔ یہ کامیابیاں ہماری پیشہ ورانہ قابلیت، تکنیکی مہارت اور اعلیٰ معیار کی بہترین مثال ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ پاکستان ایئر فورس نے RIAT میں عالمی سطح پر خود کو منوایا ہو۔ اس سے قبل 2006، 2016، اور 2018 میں بھی PAF نے بین الاقوامی ایوارڈز حاصل کیے تھے، جو اس کی مسلسل ترقی اور عالمی سطح پر پہچان کا ثبوت ہیں۔

رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو دنیا کا سب سے بڑا اور باوقار فوجی ایئر شو ہے، جو ہر سال برطانیہ میں منعقد ہوتا ہے۔ اس تین روزہ ایونٹ میں دنیا بھر سے 60 سے زائد ممالک کی فضائی افواج شریک ہوتی ہیں اور یہ ایوی ایشن ڈپلومیسی، فوجی تعاون اور جدید ٹیکنالوجی کے مظاہروں کا ایک بڑا پلیٹ فارم ہے۔

اس سال کے شو کا تھیم “Eyes in the Skies” رکھا گیا تھا، جس میں فضائی نگرانی اور عالمی سلامتی میں ہوابازی کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔ پاکستان کی شرکت نہ صرف مقابلے تک محدود رہی بلکہ یہ دفاعی ٹیکنالوجی میں خود کفالت اور ایوی ایشن کے شعبے میں بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کی علامت بھی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کے بیان کے بعد مودی سرکار پر دباو بڑھنے لگا، راہول گاندھی کاتباہ ہونے والے طیاروں کی تفصیلات عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ

JF-17 تھنڈر، جو پاکستان اور چین کے اشتراک سے تیار کردہ ملٹی رول فائٹر طیارہ ہے، عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اعتراف کے طور پر ابھرا ہے۔ یہ کامیابی نہ صرف پاک فضائیہ بلکہ پاکستانی انجینیئرز، پائلٹس اور تکنیکی ماہرین کی مہارت کا ثبوت ہے۔

“Spirit of the Meet” اور “Concours d’Elegance” جیسے باوقار اعزازات جیت کر، پاکستان ایئر فورس نے ایک بار پھر دنیا پر ثابت کر دیا ہے کہ وہ عالمی معیار کی ایک مضبوط اور باصلاحیت فضائی قوت ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *