پنجاب میں سیلاب کا خطرہ، دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج کیلئے فلڈ الرٹ جاری

پنجاب میں سیلاب کا خطرہ، دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج کیلئے فلڈ الرٹ جاری

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر فلڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 21 سے 23 جولائی کے دوران دریائے جہلم، چناب اور راوی میں بارشوں کے باعث درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے، جبکہ دریائے ستلج پر گنڈا سنگھ والا کے مقام پر 22 سے 24 جولائی کے دوران پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مون سون کی بارشوں کا چوتھا سلسلہ 25 جولائی تک جاری رہے گا، جس کے پیش نظر تمام ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق کمشنرز راولپنڈی، گجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ڈیرہ غازی خان، لاہور، ساہیوال اور بہاولپور ڈویژن سمیت متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ریسکیو 1122 کو پیشگی تیاری مکمل رکھنے اور ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ ایمرجنسی کنٹرول رومز کو بھی فعال رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے محکمہ زراعت، آبپاشی، صحت، جنگلات، لائیو اسٹاک، ٹرانسپورٹ اور لوکل گورنمنٹ سمیت تمام متعلقہ محکموں کو بھی الرٹ کر دیا ہے۔ انہوں نے فلڈ ریلیف کیمپس میں خوراک، صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی ہے کہ دریاؤں کے پاٹ میں بسنے والے افراد اور ان کے مویشیوں کے محفوظ انخلاء کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ریسکیو آپریشن کے لیے پٹرول و ڈیزل کا وافر ذخیرہ موجود ہونا چاہیے۔

عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور ہنگامی انخلاء کی صورت میں انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔ شہری کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت پنجاب عوام اور ان کے مال و مویشیوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *