اسلام آباد کے ایچ نائن اتوار بازار میں آگ لگ گئی

اسلام آباد کے ایچ نائن اتوار بازار میں آگ لگ گئی

اسلام آباد کےکے ایچ نائن اتوار بازار میں آگ لگ گئی، راولپنڈی سے ریسکیو کی 10 اضافی گاڑیاں طلب کرلی گئیں، ریسکیو کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے۔
آگ نے متعدد دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہ ہوسکیں،

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے علاقے ایچ نائن میں واقع سستے بازار میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بازار کے ایک بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کے نتیجے میں متعدد دکانیں اور اسٹالز جل کر خاکستر ہو گئے جبکہ تاجروں کو بھاری مالی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور امدادی عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا اور آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائیاں شروع کر دیں۔ آگ کی شدت کے پیش نظر راولپنڈی سے ریسکیو 1122 کی اضافی گاڑیاں اور اہلکار بھی طلب کر لیے گئے تاکہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔

انتظامیہ کے مطابق امدادی اور آگ بجھانے کی کارروائیوں کی نگرانی کے لیے اسسٹنٹ کمشنر ایچ نائن خود موقع پر موجود ہیں اور صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

ایچ نائن سستے بازار میں آتشزدگی کے واقعات

واضح رہے کہ ایچ نائن سستے بازار میں آتشزدگی کے واقعات ماضی میں بھی پیش آ چکے ہیں۔ جولائی 2024 میں بھی بازار میں لگنے والی بڑی آگ کی تحقیقات کے لیے 9 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھیاس سے قبل جولائی 2018 میں لگنے والی آگ سے تقریباً 100 اسٹالز جل کر راکھ ہو گئے تھے۔

اسی طرح اگست 2017 میں بھی سستے بازار میں ایک بڑی آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 500 سے زائد اسٹالز اور لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر تباہ ہو گیا تھا۔

حکام نے حالیہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے جبکہ تاجروں اور دکانداروں نے نقصانات کے ازالے اور حفاظتی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

editor

Related Articles