ویب ڈیسک: آزاد فیکٹ چیک نے ایک اہم جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا ہے، جس کا آغاز بھارت سے چلنے والے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) ہینڈل سے ہوا۔ اس اکاؤنٹ نے پہلگام واقعہ کی ذمہ داری جھوٹے طور پر پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کی، حالانکہ اس دعوے کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔
آزاد ریسرچ کے مطابق اس کے ساتھ ہی بھارتی فورسز پر سنگین الزامات سامنے آئے ہیں کہ وہ ایسے جعلی مقابلوں کا اسٹیج سجاتی ہیں جن میں اغوا شدہ اور جیلوں میں قید شہریوں کو ملوث کیا جاتا ہے۔ خاص طور پر ایک شخص، جس کی تصویر غلط معلومات کے تحت شیئر کی گئی، اس کا خاکہ ابتدائی طور پر جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے جاری کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) ، جو پہلگام جھوٹے حملے کی تحقیقات کر رہی ہے ، نے اسی فرد کو مشتبہ قرار دینے سے انکار کر دیا۔
یہ گمراہ کن معلومات اور مبینہ جعلی کارروائیاں بظاہر ایک منصوبہ بند کوشش کا حصہ معلوم ہوتی ہیں، جن کا مقصد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سیاسی بحالی ہے۔ بی جے پی اس وقت سخت گیر پالیسیوں اور بدعنوانی کے وسیع الزامات کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہے اور اس کا سیاسی مستقبل غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔